بنگلور، 5اپریل (ایس او نیوز ) سابق وزیر اعظم اور جنتادل(ایس) کے قومی سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڈا نے کہاکہ دوسری پارٹیوں سے جو لوگ جنتادل (ایس) میں شامل ہونے کے خواہشمند ہیں ان کا پارٹی میں کھلے دل سے استقبال کیا جائے گا۔آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دیگر سیاسی پارٹی میں اپنی سیاسی انا کو ٹھیس پہنچنے کے باوجود جو لیڈران پارٹی میں بنے ہوئے ہیں وہ اپنے سیاسی وقار کو برقرار رکھنے کیلئے ٹھوس فیصلہ لیں اور جنتادل (ایس) کارخ کریں ۔انہوں نے کہاکہ جن لیڈروں کو ان کی پارٹیوں نے معطل کردیا ہے ان کیلئے بھی جنتادل (ایس) کے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کا دلت طبقہ کانگریس سے منحرف ہوچکا ہے، اترپردیش کے حالیہ اسمبلی انتخابات کا نتیجہ یہ ثابت کرتا ہے کہ ملک کا دلت طبقہ اب اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے کانگریس کی طرف متوجہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں ذات پات کی بنیاد پر دلتوں کے ساتھ امتیاز کا سلسلہ صدیوں سے چلا آرہاہے، بڑی بڑی سیاسی جماعتوں نے دانستہ طورپر دلتوں کو اہم عہدوں سے محروم رکھا۔ انہوں نے دلتوں کو آواز دی کہ و ہ علاقائی سیاسی جماعتوں کے تئیں لاپرواہی کا رویہ ترک کریں ۔میڈیا پر نکتہ چینی کرتے ہوئے دیوے گوڈا نے کہاکہ وہ جب بھی میڈیا کا سامنا کرتے ہیں ان پر دہشت طاری ہوجاتی ہے کیونکہ میڈیا سے وہ کہتے کچھ اور ہیں اور عوام تک پہنچایا کچھ اور جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بحیثیت مرکزی وزیر دفاع بابو جگجیون رام نے جس طرح کی بہترین خدمات انجام دی ہیں ایسی ہی خدمات آبپاشی کے شعبے میں بھی انہوں نے نبھائی ہیں۔اس موقع پر سابق رکن اسمبلی انا دانی ، رکن کونسل شرونا اور دیگر لیڈران نے بھی اپنے خیالات ظاہر کئے۔